ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آپ کے لوک سبھا رکن بھگوت مان کے ویڈیو کو لے کر ہنگامہ،ایوان کی کارروائی متاثر

آپ کے لوک سبھا رکن بھگوت مان کے ویڈیو کو لے کر ہنگامہ،ایوان کی کارروائی متاثر

Fri, 22 Jul 2016 20:31:28    S.O. News Service

نئی دہلی، 22؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا رکن بھگوت مان کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس سے منسلک ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالنے کولے کر حکمراں این ڈی اے سمیت مختلف پارٹیوں کے ہنگامے کی وجہ سے راجیہ سبھا کے اجلاس میں آج خلل پڑا اور تین بارکے التوا ء کے بعدایوان کی کارروائی کو بالآخر دن بھر کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔صبح اجلاس شروع ہوتے ہی اراکین نے بھگوت مان کے ویڈیو کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ اس سے پارلیمنٹ ہاؤس کے تحفظ کو لے کر خطرہ پیدا ہوتا ہے۔حکمران این ڈی اے کے ممبران نے بھگوت مان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ایوان میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وقفہ صفر کے دوران ایک بار اوروقفہ سوال کے دوران دو بار کارروائی ملتوی کی گئی۔اس کے بعد بھی ایوان میں ہنگامہ جاری رہااور بالآخر دوپہر بعد 2 بج کر 45منٹ پر اجلاس پورے دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔شرومنی اکالی دل کے نریش گجرال نے ممبر پارلیمنٹ کے اس طرز عمل کے لیے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہا کہ مان کے خلاف قومی سلامتی قانون کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے ، کیونکہ انہوں نے دہشت گردوں کوپارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کے اندر کے اہم مقام اور حفاظتی سامان کی معلومات دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھگوت مان نے سیکورٹی جانچ ، سیکورٹی اہلکاروں کی جگہوں، پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے کے اندرونی راستوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالی ہے جس سے دہشت گردوں کے غلط ارادے کامیاب ہو سکتے ہیں۔پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی کو انتہائی اہم قراردیتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہا کہ حکومت کو سیکورٹی کی خلاف ورزی کے مسئلے کو دیکھنا چاہیے اور مناسب کارروائی کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت رکن پارلیمنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ اس معاملے پر بحث کے لیے مناسب تجویز پیش کی جانی چاہیے ۔کانگریس کی امبیکا سونی نے کہا کہ حکومت کوبتاناچاہیے کہ اس نے اس واقعہ کو لے کر کیا قدم اٹھائے ہیں۔


Share: